ستارا میں جمعیۃ علماء کا مستقل جماعتی نظام قائم :مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر
ممبئی، 31؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )آج سارا ملک شدید کرب و ہراس میں مبتلا ہوچکا ہے ،ملک کی اقلیتوں اور خاص کر مسلمانوں میں بہت زیادہ مایوسی اور خوف پایا جارہا ہے ۔اس لئے کہ انہی کو فرقہ پرست اپنا نشانہ بناتے ہیں ۔یہ فرقہ پرست ملک کی صدیوں پرانی روایت و تہذیب، اخوت و محبت کی روایتوں اور ملک کی جمہوریت و سیکولر ازم کو مٹا دینا چاہتے ہیں ۔لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وطن عزیز پر ایسا کوئی وقت آیا تو جمعیۃ علماء ہند نے اس کے خلاف پر زور آواز بلند کی اور کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے ستارا میں منعقدہ انتخابی میٹنگ کے دوران کیا ۔ستارا کے غیور مسلمانوں کی جانب سے بار بار کے تقاضے پر گزشتہ دنوں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ناظم اعلیٰ مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب کی ایماء پر ایک ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ،اس دوران دستور اساسی کی روشنی میں شہر ستارا میں ابتدائی ممبر سازی مہم چلائی گئی جس میں پانچ ہزار ممبر بنے ۔وہاں پر مستقل جماعتی نظام کے قیام کے لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ناظم تنظیم مفتی حفیظ اللہ قاسمی، آرگنائزر مولانا معراج الحق قاسمی ،جمعیۃ علماء ضلع پونے کے صدر قاری محمد ادریس انصاری،پمپری چنچوڑ کے صدر حاجی گلزار احمد اور مولانا اسلام الدین وغیرہ پر مشتمل ایک وفد پہونچا ۔اور با ضابطہ انتخابی کارروائی عمل میں آئی۔ستارا(مہاراشٹر) میں جماعتی نظام کو قائم کرنے کے لئے دوشنبہ دوپہر ۳؍ بجے دار العلوم ستارا ،گرووار پیٹھ ،ایل بی ایس ،ستارا میں انتخابی مجلس کا انعقاد کیا گیا،جس میں مفتی حفیظ اللہ قاسمی (ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر)نے اکابر جمعیۃ علماء کی قربانیوں اس کی جاری سر گرمیوں اور جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے چلائی جارہی قومی یکجہتی مہم پر روشنی ڈالی۔اس انتخابی مجلس میں جمعیۃ علماء کے ابتدائی ممبران نے شرکت کی اور حافظ حیدر علی عبد الرشید شیخ صاحب( صدر) ،مفتی انس صاحب (نائب صدر) حاجی ضیاء الدین ملا صاحب (جوائنٹ سکریٹری )حافظ عزیر احمد رحمانی صاحب( جنرل سکریٹری) ،اسماعیل محمد قاسم ڈانگے کو( خازن )بالاتفاق منتخب کیا گیا۔مذکورہ بالا انتخابی کارروائی جمعیۃ علماء ضلع پونے کے صدر قاری محمد ادریس انصاری کی صدارت اور حاجی گلزار احمد صدر جمعیۃ علماء پمپری چنچوڑ اور مولانا اسلام الدین صاحبان کی قیادت اور ریاستی نمائندوں کی نگرانی میں بحسن و خوبی انجام پائی۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔